بھٹکل 16 جولائی (ایس او نیوز) گوا سے بھٹکل لوٹنے کے دوران اچانک پیچھے سے ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے بھٹکل کے معروف کورونا وارئیر جناب عتیق الرحمن مُنیری اور ان کی اہلیہ کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں، البتہ ان کی کار کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ حادثہ جمعہ کی صبح گوا انٹرنیشنل ائرپورٹ سے قریب سات کلو میٹر دور پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دبئی کے معروف بزنس مین اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے نائب صدر جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب اپنی پوری فیملی کے ہمراہ دبئی سے جمعہ صبح سات بجے گوا انٹرنیشنل ائرپورٹ اُترے تھے، وہاں سے وہ دو کاروں پر سوار بھٹکل آرہے تھے موسلادھار بارش کے چلتے اچانک ایک تیز رفتار سومو کار پیچھے سے ان کی ائیرٹیگا کار جس پر جناب عتیق الرحمٰن صاحب موجود تھے، کو ٹکر دے ماری، ٹکر اتنی شدید تھی کہ ان کی کار ان ہی کی اگلی رینج روور کار سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں کاروں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ جناب عتیق الرحمن مُنیری اور ان کی اہلیہ کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں، لیکن اللہ کے فضل سے تمام لوگ محفوظ ہیں۔
ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتےہوئے جناب عتیق الرحمٰن مُنیری نے بتایا کہ اللہ کے فضل سے وہ اور ان کی اہلیہ بالکل ٹھیک ہیں انہوں نے بتایا کہ بے حد خطرناک حادثہ پیش آیا تھا مگر اللہ رب العزت نے ہم تمام لوگوں کی حفاظت فرمائی۔ آگے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ ، دُختر، فرزند اور اپنی بہو کے ساتھ آج صبح گوا ائرپورٹ سے بھٹکل کےلئے روانہ ہوئے تھے قریب سات یا آٹھ کلو میٹر سفر طئے کرنےکے بعد حادثہ پیش آیاتھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال جون میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران دبئی اور امارات کے مختلف علاقوں میں پھنسے بھٹکل اور ساحلی کرناٹکا کے تین سو سے زائد لوگوں کو جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب دو خصوصی فلائٹ کے ذریعے انڈیا روانہ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
